ملک بھرمیں بسنے والے مہاجرخورشیدشاہ کے متعصبانہ بیان پر پیپلزپارٹی کے خلاف سراپائے احتجاج ہے اسدمیرخان،شرافت زیدی
بانیان پاکستان کی اولادیں پاکستان بچانے کے لئے ایسے نام نہادلیڈروں کیخلاف متحد ہوجائیں
ایم کیوایم جنوبی پنجاب کے ذمہ داران وکارکنان کا ملتان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب
ملتان ۔ 22-10-14
متحدہ قومی موومنٹ کے تحت پیپلزپارٹی کے رہنمااورقائدحزب اختلاف خورشید شاہ کے لفظ ’’مہاجر‘‘ کو گالی قرار دینے کے بیان کے خلاف ملتان پریس کلب کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ ہوا ۔جس میں ایم کیوایم صوبائی تنظیمی کمیٹی پنجاب کے ارکان اسدمیرخان اور شرافت زیدی نے خصوصی شرکت کی جبکہ متحدہ جنوبی پنجاب کے صدرمرزافرقان علی مغل کی قیادت میں متحدہ ڈسٹرکٹ ملتان وٹاون کمیٹیوں اور یونٹس کے ذمہ داران وکارکنان اور ہمدردعوام پر مشتمل ریلی ایم کیوایم جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان سے نکلی اور نواں شہر چوک سے ہوتی ہوئی پریس کلب ملتان کے سامنے پہنچی جہاں ایم کیوایم کے کارکنان نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔احتجاجی مظاہرے کے شرکا ء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر خورشید شاہ کے بیان کی سخت مذمت درج تھی اور کارکنان نے اس موقع پر فلگ شگاف نعرے بازی کی ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم صوبائی تنظیمی کمیٹی پنجاب کے ارکان اسد میر خان اور شرافت زیدی نے کہا کہ خورشید شاہ نے لفظ ’’مہاجر ‘‘کو گالی قرار دے کر کروڑوں مسلمانوں کی دل آذاری کی ہے اور انکے اس تعصبانہ بیان کی وجہ سے پاکستان میں آباد یوپی سی پی ،مشرقی پنجاب،گجرات،ہریانہ ،راجھستان،ہماچل پردیش سے ہجرت کرکے پاکستان میں آبادہونے والے پاکستانیوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے اس لئے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،خورشید شاہ سے پہلے بھی پیپلزپارٹی کے چئرمین سمیت لطیف کھوسہ ،مرزاذوالفقار اور دیگر نے ’’مہاجر ‘‘ کو نشانہ بنایا اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپنے ان رہنماؤں کے منفی بیانات پر کوئی نوٹس نہ لیا جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ صرف ایم کیوایم ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں بسنے والے مہاجر قوم کے کروڑوں افراد چاہے ان کا کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق ہو وہ سراپائے احتجاج بن چکے ہیں اور پیپلز پارٹی کی لسانیت کو فروغ دینے کی ناپاک سازشیں بے نقاب ہوچکی ہیں ایم کیوایم جنوبی پنجاب کے صدر مرزا فرقان علی مغل نے اپنے خطاب میں کہا کہ بانیان پاکستان کی اولادوں کو پاکستان بچانے کے لئے میدان عمل میں نکلنا ہوگا کیونکہ پاکستان بنانے والے ہی پاکستان بچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ،ہم خورشید شاہ کے اس بیان کی پرزور مذمت کرتے ہوئے یہ بات باور کرانا چاہتے ہیں کہ آئیندہ اگر کسی نے لفظ ’’مہاجر ‘‘کے خلاف کوئی توہین آمیز بات کی تو اس سیاسی جماعت کے خلاف ملک گیر احتجاجی مہم چلائیں گے ۔