سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کو نظر انداز کرنا انہیں دیوار سے لگانے کا متعصبانہ عمل ہے اورمہاجروں کے کھلے معاشی قتل کے مترادف ہے، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
حالیہ دنوں سندھ میں محکمہ پولیس ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر محکمہ جات میں بڑی تعداد میں نوکریاں دی جارہی ہیں جن میں مہاجروں کے ساتھ تعصب کا عمل بڑھتا جارہا ہے ، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں انصاف سے کام لینا حکومت سندھ کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن حکومت سندھ کا رویہ اور عمل انتہائی مجرمانہ اور تعصب پر مبنی ہے ، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
سندھ میں سرکاری ملازمتوں سے محروم رکھنے پر مہاجر ہرگز خاموش نہیں رہ سکتے اور وہ اپنے جائز اور بنیادی حق کیلئے ہر پرامن قانونی ، آئینی ، عدالتی اور جمہوری راستہ اختیار کریں گے، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
سندھ میں مہاجر وں کے ساتھ سرکاری ملازمتوں میں تعصب اور عصبیت کا عمل فی الفور بند کرایاجائے ، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
میرٹ اور اہلیت کے مطابق مہاجروں کو سرکاری ملازمتیں فی الفور دی جائیں، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
صوبہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کے ساتھ تعصب اور عصبیت برتنے پر حق پرست اراکین سندھ اسمبلی کااظہار مذمت
کراچی ۔۔۔17، اکتوبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے صوبہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کے ساتھ تعصب برتنے اور انہیں بنیادی حق سے محروم رکھنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ حالیہ دنوں سندھ میں محکمہ پولیس ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر محکمہ جات میں بڑی تعداد میں نوکریاں دی جارہی ہیں لیکن ان نوکریوں کے حصول میں مہاجروں کے ساتھ تعصب کا عمل مسلسل بڑھتا جارہا ہے جس کے باعث مہاجروں میں احساس محرومی کی شدت میں نہ صرف اضافہ ہورہا ہے بلکہ ان کے خاندان کے خاندان مالی مشکلات اور داشوریوں کا شکار ہوتے چلے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کو نظر انداز کرنا انہیں دیوار سے لگانے کا متعصبانہ عمل ہے اورمہاجروں کے کھلے معاشی قتل کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کے ساتھ تعصب برتنے اور انہیں نظر انداز کرنے کے عمل کے پیچھے کارفرما قوتیں سندھ کے مستقل باشندوں کے درمیان دوریاں پیدا کررہی ہیں اور تعصب اور عصبیت کے عمل کے نتائج کسی طرح بھی ملک و قوم کے مفاد میں ہرگز نہیں نکل سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں میں انصاف اور میرٹ سے کام لینا حکومت سندھ کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن اس سلسلے میں حکومت سندھ کا رویہ اور عمل انتہائی مجرمانہ اور تعصب پر مبنی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ سندھ میں سرکاری ملازمتوں سے محروم رکھنے پر مہاجر ہرگز خاموش نہیں رہ سکتے اور وہ اپنے جائز اور بنیادی حق کیلئے ہر پرامن قانونی ، آئینی ، عدالتی اور جمہوری راستہ اختیار کریں گے اورہر پلیٹ فارم پر اس ظلم و انصافی اور معاشی قتل عام کے خلاف بھر پورآواز بلند کرکے مہاجروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور تعصب کو اجاگر کریں گے ۔ حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ سندھ میں مہاجروں کے ساتھ سرکاری ملازمتوں میں تعصب اور عصبیت کا عمل فی الفور بند کرایاجائے اور میرٹ اور اہلیت کے مطابق مہاجروں کو سرکاری ملازمتیں فی الفور دی جائیں اور اس میں رکاوٹ بننے والی تعصب پسند قوتوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔