پاکستان میں انتظامی بنیاد پر نئے صوبوں کے قیام کے بغیر ترقی و خوشحالی اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے کا تصور کرنا خود فریبی ہے، گلفراز خان خٹک
صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں انتظامی بنیاد پر نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے، گلفراز خان خٹک
ایم کیوایم ہزارہ آرگنائزنگ کمیٹی کے زیراہتمام بلدیہ ٹاؤن ، رشید آباد اور نیو گلشن لیبر کالونی میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب
کراچی۔۔۔3اکتوبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن گلفراز خان خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتظامی بنیاد پر نئے صوبوں کے قیام کے بغیر ترقی و خوشحالی اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے کا تصور کرنا خود فریبی کے مترادف ہے اور قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم عملی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور خوش فہمیوں اور خود فریبیوں کا سہارا ہرگز نہیں لئے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ایم کیوایم ہزارہ آرگنائزنگ کمیٹی کے زیراہتمام رشید آباد ، بلدیہ ٹاؤن اور نیو گلشن لیبر کالونی میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماعات سے ایم کیوایم ہزارہ آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج شکیل عباسی ، جوائنٹ انچارج و حق پرست رکن سندھ اسمبلی وقارحسین شاہ اور حق پرست سندھ اسمبلی کامران اختر نے بھی خطاب کیا ۔ گلفراز خان خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں انتظامی بنیاد پر نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے اور انتظامی بنیاد پر صوبوں کی مخالفت کرنے والے نام نہاد قوم پرست اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما مظلوم قومیتوں کے حقوق پر قبضہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ سندھ میں انتظامی بنیاد پر نئے صوبوں کے قیام پر زہریلا پروپیگنڈہ کرنے والے قوم پرست دراصل سندھ دھرتی سے ہرگز مخلص نہیں ہیں اور قوم پرستی کے نام پر دھونس ، دھمکیاں دے کر اور الزامات عائد کرکے جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرداروں کے ترجمان کا کردار ادا کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ گلفراز خان خٹک نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین نے صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں انتظامی بنیاد پر صوبوں کا مطالبہ کرکے مظلوم قومیتوں کو حقوق دینے کی بات کی ہے اور مظلوم قومیتوں کے حقوق دینے کی بات کو غلط قرار دینے والے ہرگز ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ۔